مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اپنی رپورٹس میں بتایا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے حال ہی میں اسرائیل کے ایک فوجی کیمپ سے لوٹا گیا اسلحہ صہیونی فوج کو واپس کردیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حال ہی میں فلسطینی نوجوانوں نے غرب اردن کے شمالی شہر طوباس میں قائم ایک فوجی کیمپ میں گھس کر ایک ’ایم جی‘ مشین گن اور کچھ دوسرے ہتھیار لوٹ لیے تھے۔ بعد ازاں یہ اسلحہ فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی حکام نے قبضے میں لے لیا تھا۔رپورٹ کے مطابق فلسطینی حکام نے فوجی کیمپ سے لوٹا گیا اسلحہ اسرائیلی فوج کو واپس کردیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے مقرب ویب پورٹل نے یہ نہیں بتایا کہ یہ اسلحہ کس نے اور کب لوٹا تھا اور اسلحہ لوٹنے والے فلسطینی گرفتار کیے گئے ہیں یا نہیں۔ ایک دوسرے ذرائع کے مطابق اسلحہ طوباس کے نواحی علاقے تیاسیر سے ایک فوجی کیمپ سے گذشتہ بدھ کی رات چھپایا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے لوٹا گیا اسلحہ واپس کرنے پر فلسطینی اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے وہ فوجی کیمپ سے مشین گن اور دیگر اسلحہ کے لوٹے جانے کے واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔