فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اندرون فلسطین میں سپریم فالو اپ کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ روزام الحیران قصبے میں اسرائیلی پولیس کے ہاتھوں جو کچھ ہوا اس پر پورے فلسطین میں شدید غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔ اندرون فلسطین کے تمام شہروں میں آج فلسطینی شہری سوگ منائیں گے۔ احتجاجی ریلیاں نکالیں گے اور صہیونی ریاستی دہشت گردی کے جگہ جگہ دھرنے دیےجائیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ام الحیران میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف آج اندرون فلسطین میں سوگ منایاجائے گا اور سیاہ پرچم لہرا کر اسرائیلی دہشت گردی کی مذمت کی جائے گی۔ اس موقع پر تمام عرب تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ام الحیران میں جو کچھ ہوا وہ صہیونی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔
ام الحیران میں اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ شمالی فلسطین کے الناصرہ شہر میں منعقد کیا جائے گا جس میں اندرون فلسطین کی نمائندہ فلسطینی قیادت اور ہزاروں شہری شرکت کریں گے۔
فالو اپ کمیٹی کے چیئرمین محمد برکہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ام الحیران میں اسرائیلی فوج کی دہشت گردی اور مکانات کی بلا جواز مسماری کی تحقیقات کی جائیں اور مکانات مسماری کے ظالمانہ سلسلے کی روک تھام کی جائے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج اور پولیس نے جزیرہ نما النقب میں ام الحیران قصبے میں فلسطینیوں کے 8 مکانات کو غیرقانونی قرار دے کرمسمار کردیا تھا جس کے خلاف مقامی فلسطینی سڑکوں پرنکل آئے تھے۔ اس موقع پر تشدد کے نتیجے میں ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا تھا۔