مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی زیرتسلط شامی علاقے وادی گولان میں حالیہ جنگی مشقوں کے دوران ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 2 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ فوجی مشقوں کےدوران بریگیڈ 51 کی گولانی یونٹ سے وابستہ فیاٹزلاف گرگائے توپ کی صفائی کے دوران گولانی فوجی اڈے پرایک حادثے کے دوران ہلاک ہوگیا۔اسرائیلی ملٹری پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی اہلکار کو جسم کے بالائی حصے پر سخت چوٹ لگی تھی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا۔ اسے طبی امدادکے لیے ایک اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ توپ کی صفائی کے دوران زخمی ہونے والے فوجی اہلکار کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ’’رامبام‘‘ اسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر ڈاکٹروں نے جلد ہی اس کی موت کی تصدیق کردی تھی۔ ملٹری پولیس نے فوجی اہلکار کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس نومبر 2016ء میں اسرائیل کا ’مرکافاۃ‘ ٹینک الٹنے سے وادی گولان ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا تھا۔ گذشتہ برس مختلف حادثات میں 41 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جب کہ 2015ء میں حادثات میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 36 بتائی جاتی ہے۔