سلفیت – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر سلفیت میں گذشتہ روز یہودی شرپسندوں نے جلیل القدر صحابی رسول حضرت عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ کا مزار اور ان کی آخری آرام گاہ اکھاڑ ڈالی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یہودی شرپسندوں نے مغربی سلفیت میں واقع قراوہ بنی حسان قصبے میں موجود صحابی رسول حضرت عمرو بن العاص کا مزار اور ان کی قبر اکھاڑ ڈالی اورجلیل القدر صحابی کے جسد خاکی کی باقیات کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔عینی شاہدین کے مطابق یہودی اشرار نے حضرت عمربن العاص کی قبر پتھر اکھاڑ کر اس کی مٹی کھود ڈالی اور قبر پر ایک بہت بڑا سوراخ کردیا تھا۔
خیال رہے کہ فاتح مصر جلیل القدر صحابی رسول حضرت عمرو بن العاص کی آخری آرام گاہ سلفیت شہر کے شمال میں تاریخی مقام دیر الضرب کے قریب واقع ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب یہودی اشرار نے فلسطین میں کسی مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا ہے۔ قابض صہیونی آئے روز سلفیت اور غرب اردن کے دوسرے شہروں میں مسلمانوں کے مقدس مقامات کی کھلے عام بے حرمتی کرتے ہیں۔ عموما ایسے واقعات اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی اور ان کی آنکھوں کے سامنے ہوتے ہیں۔