الخلیل – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 27 جولائی 2016ء کو شہید ہونے والے فلسطینی مجاھد کمانڈر کی شہادت کے پانچ ماہ بعد انہیں اللہ نے بیٹے کی نعمت سے نوازا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شہید محمد جبارہ الفقیہ کا تعلق اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ سے ہے۔ انہیں صہیونی فوج نے مغربی الخلیل میں صوریف کے مقام پر آٹھ گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد شہید کردیا تھا۔ شہید الفقیہ کا جسد خاکی تا حال صہیونی فوج کی تحویل میں ہے۔اطلاعات کے مطابق نومولود کا نام والد کی نسبت سے ’محمد‘ رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ محمد الفقیہ کو اسرائیلی فوج اور پولیس ایک ماہ تک تلاش کرتی رہی۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ایک یہودی ربی کو مزاحمتی حملے میں ہلاک اور تین دوسرے یہودی آباد کاروں کو زخمی کردیا تھا۔