فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کی وزارت خارجہ کے عہدیدار عمر عوض اللہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انڈونیشیا پہنچنے والے وفد میں فلسطینی وزارت خارجہ اور داخلہ کے مندوبین شامل ہیں۔ فلسطینی وفد دیگر عرب اور مسلمان ملکوں کے وفود کے ہمراہ کل انڈونیشیا میں ہونے والے انٹرپول کے اجلاس میں شرکت کرے گا۔ اجلاس کے دوران فلسطین کو انٹرپول کی رکنیت دلوانے کے لیے انٹرپول کی انتظامی کمیٹی کے ارکان اور دیگر سفارت کاروں سے بات چیت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا میں ہونے والے انٹرپول کے سالانہ اجلاس میں فلسطینی مملکت کو رکنیت دلوانے کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ توقع ہے کہ انٹرپول کے رکن ممالک فلسطین کو رکنیت دلوانے کے لیے حمایت کریں گے۔