(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے تمام تر فلسطینی مخالفت کے باوجود اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ردی کی ٹوکری میں ڈالتے ہوئے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں ‘بیت ایل’ یہودی کالونی میں یہودی آباد کاروں کے لیے مزید 650 گھروں کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتین یاہو نےکچھ عرصہ قبل اسرائیلی حکومت نے ‘بیت ایل’ یہودی کالونی میں تعمیر کے لیے منظور کیے جانے والے 650 گھروں کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہاں پر ان یہودی آباد کاروں کو بسایا جائے گا جنہیں سنہ 2012ء کو ‘اولبانا’ اور 2015ء کو ‘دارینوف’ یہودی کالونیوں سے نکالا گیا تھا۔ اسرائیلی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ خالی کی گئی یہودی کالونیوں کے بدلے مزید کالونیاں تعمیر کرے گی اوریہودیوں کو بسائے گی۔
یاد رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی حکومت نے غرب اردن اور بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں کے لیے 2300 گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔ جس پر عالمی برادری نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کو اس عمل سے باز رہنے کہ تنبیہ کی تھی جس کو اسرائیل کسی خاطر میں نہیں لایا اور گھروں کی تعمیر کا آغاز کردیا۔