(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض صہیونی فوج کی فلسطینی شہریوں سے جھڑپیں،مختلف پر تشدد واقعات میں پیرامیڈیکل اسٹاف سمیت درجنوں فلسطینی شہری زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع سے حاصل شدہ تفصیلات کے مطابق بیت المقدس کے علاقے العیسویہ میں آج صبح فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے مابین شدید جھڑپیں ہوئیں۔جس کے نتیجے میں ایک اسپتال کے طبی عملے سمیت متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے جن کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق جھڑپوں کا آغاز اس وقت ہوا جب فلسطینی شہری اسرائیلی فوج کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔اسرائیل فوج نے مظاہرین پر آنسو گیس کی فائرنگ کی اور لال مرچ کا اسپرے کر کے انکو منتشر کرنے کی کوشش کی۔
اس موقع پر اسرائیلی فوج نے گاڑیوں کو بھی توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا اور درجنوں گاڑیاں تباہ کردیں۔
حلال احمر کے مقامی رضا کاروں نے میڈیا کوبتایا کہ اسرائیلی پولیس نے ایک ایمبولینس کو اس وقت روک کے اس کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر رہے تھے۔