(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز تفتیش کے نام پر طلب کیے جانے والے دس سالہ فلسطینی بچے یاسر نجیب کو پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دے کر اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج مکمل طور پر پاگل پن کے مظاہرے پر اتر آئی ہے۔گزشتہ روز دس سالہ فلسطینی بچے کو تفتیش کے نام پر القشلہ حراستی مرکز طلب کیے گیا اور جب وہ پیش نہ ہو سکا تو اسکو اشتہاری قرار دے کر اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کردیئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزبیت المقدس سے تعلق رکھنے والے دس سالہ فلسطینی بچے یاسر نجیب کو اسرائیلی خفیہ حکام نے تفتیش کے لیے ال قاشلہ نامی حراستی مرکز طلب کیا تھا ۔
بچے کے والے محمد نجیب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز انکو اسرائیلی حکام کی جانب سے ایک ٹیلیفون کال موصول ہوئی جس میں انکو بیٹے کو حراستی مرکز میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ دو ماہ میں انکے بیٹے کو چوتھی دفعہ تفتیش کے نام پر طلب کیا گیا ہے۔