(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطینی نوجوان قیدی کے دوران اسیری اسرائیلی حکام کے ہاتھوں بہیمانہ قتل پر فلسطینی عوام سمیت تمام مذہبی سیاسی اور قومی جماعتیں سراپا احتجاج بن گئیں۔تمام تنظیموں نے فلسطینی شہری کی شہادت کا بدلہ لینے کا مطالبہ کردیا۔
فلسطین سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گزشتہ شام متعدد فلسطینی تنظیموں کی جانب سے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں گزشتہ روز اسرائیلی جیل میں غیر انسانی سلوک کے باعث شہید کیے جانے والے نصار طقاطقہ کے قتل کی شدید مذمت کی گئی اور اس قتل کو ماورائے عدالت قتل قرار دیتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا ۔
مزید تفصیلات کے مطابق یہ پریس کانفرنس ریڈ کراس کے دفتر کے باہر منعقد کی گئی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا کہ اس ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات میں ہمارا ساتھ دیئے جائے تا کہ مجرم کو اس کے انجام تک پہنچایا جا سکے۔
یاد رہے کہ 19جون کو گرفتار ہونے فلسطینی انصار طقاطقہ کو اسرائیل کی الجلمہ جیل سے مزید تفتیش اور تشدد کے لیے الرملہ جیل منتقل کردیا گیا تھا جہاں سے قید تنہائی میں ڈال دیا گیا تھا۔ اسی جیل میں وہ غیرانسانی تشدد کے نتیجے میں گزشتہ روز دم توڑ گیا۔