(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطین پرقابض صہیونی حکام کی جانب سے انتظامی قید کی پالیسی کے تحت اسرائیلی زندان میں گزشتہ ایک سال سے قید صحافی محمد انور منیٰ کی قید میں تیسری بار 4 ماہ کا اضافہ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صہیونی فوج کی طرف سے محمد انور منیٰ کی مدت حراست میں توسیع کی سفارش کی گئی تھی جس پرعدالت نے ان کی قید مزید چار ماہ تک بڑھا دی۔
37 سالہ سینیرصحافی محمد انور منیٰ کو اگست 2018ء میں غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں زواتا کے مقام پران کی رہائش گاہ سے صیہونی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران حراست میں لیا تھا، محمد انور اس سے قبل بھی سات سال اسرائیلی زندان میں قید رہ چکے ہیں۔
محمد انورمنیٰ اسرائیل کی جانب سے انتظامیہ قید کے خلاف 2014 کی اس طویل بھوک ہڑتال میں شامل تھے جو فلسطینی انتظامی قیدیوں نے 63 دن تک جاری رکھی تھی۔
محمد انور منیٰ کو سات اگست 2013ء کو حراست میں لیا گیا اور انہیں چھ ماہ انتظامی قید کی سزا سنائی گئی تھی مگر ان کی سزا میں باربار توسیع کی جاتی رہی ہے جس کےبعد انہیں اپریل 2015ء کو رہا کیا گیا تھا۔