(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) تیرا سال سے اسرائیلی محاصرے کاشکارغزہ کی سرحدپر صیہونی فوج سے جھڑپ کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید جبکہ تین صیہونی فوجی زخمی ہوگئے۔
صیہونی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعرات کو علی الصباح غزہ کے سرحدی علاقے خان یونس میں ایک فلسطینی نے سرحدی سیکیورٹی باڑعبورکرنے کی کوشش کی اور سرحد پرتعینات فوجیوں پرفائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک افسرسمیت تین اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے، اس دوران دوسرے فوجیوں نے فلسطینی شہری کوگولیاں مارکرقتل کردیا۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحد پرمارا جانے والا فلسطینی حماس کےعسکری ونگ کا رکن تھا جو کلاشنکوف اوردستی بموں سے لیس تھا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جمعرات کو رات گئےغزہ میں اسلام تحریک مزاحمت’حماس’ کے ایک مرکز پرٹینکوں سےگولہ باری کی تاہم اس حملے میں کسی کے شہید ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔