(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے اور بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں یہودی آبادکاروں کی نئی بستیوں کی تعمیر کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے مقامی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کی تعمیراتی کمپنی کی جانب سے مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں کے لیے دس نئی یہودی کالونیوں میں دوہزار سے زائد گھروں کی تعمیر کی منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے۔
مقامی اخبار کے دعوے کے مطابق نئی یہودی کالونیاں معالیہ ادومیم، عنتئیل ، آلن شفوت، شیلو، افرات، نیلی کالونی ، بیت ایل، جانی مودیعین، کفار ادوومیم اور بیت حجائی میں تعمیر کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی حکومت نے غرب اردن کے سیکٹر ‘سی’ میں فلسطینیوں کے 715 اور یہودی آباد کاروں کے لیے چھ ہزار مکانات کی تعمیر کی منظوری دی گئی ہے۔
اسرائیل نے غرب اردن اور القدس میں 503 یہودی کالونیاں تعمیر کر رکھی ہیں۔ ان میں 474 غرب اردن اور 29 القدس میں ہیں جوغرب اردن اور القدس کے 50 فی صد رقبے پرتعمیر کی گئی ہیں۔ ان کالونیوں میں 8 لاکھ یہودی آباد کیے گئے ہیں۔