(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی فوج کے مظالم کے خلاف بر سرپیکار فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے گزشتہ روز بیت المقدس میں فلسطینی بچوں کی جانب سے اسرائیلی پولیس اہلکاروں پر چاقو کے حملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ فلسطینیوں میں موجود اشتعال اور غاصب قوتوں کے خلاف غم و غصے کو ظاہر کرتا ہے۔
حماس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والا واقعہ اس بات کی دلیل ہے کہ فلسطینی شہری اب صیہونی مظالم برداشت کرتے کرتے تھک چکے ہیں اور انکے صبر کی حد اب ختم ہو چکی ہے۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے آئے روز گھروں پر چھاپے اور فلسطینیوں کی بے جا گرفتاری،یہودی آباد کاروں کی جانب سے آئے روز مسجد اقصی کے تقدس کی پامالی اور فلسطینی گھروں کی مسماری ایسے واقعات ہیں جو فلسطینی عوام میں اشتعال کو جنم دے رہے ہیں اور ان کے اندر غم وغصے کا جو لاوا ابل رہا ہے وہ کسی بھی وقت پھٹ پڑے گا اور صہیونی ریاست کو انکے مظالم سمیت بہا کر لے جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی پولیس کے رویئے سے تنگ آکر دو فلسطینی بچوں نے اسرائیلی پولیس کے اہلکاروں پر چاقو سے حملہ کردیا تھا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔
