(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) "غزہ” میں فلسطینیوں کے 74ویں "حق واپسی مارچ” کو غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے ایک بار پھر وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 100 سے زائد فلسطینی زخمی ہو گئے، زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ۔
فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ”محصورغزہ” میں گزشتہ جمعہ کے روز 74ویں "حق واپسی مارچ "کے دوران صیہونی فوجیوں نے وحشیانہ فائرنگ کی جس میں 100 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ غاصب صیہونی فوجیوں نے فلسطین مظاہرین پر زہریلی گیس کا بھی استعمال کیا۔
فلسطینی عوام نے اپنے حقوق کی بازیابی کے لئے تیس مارچ دو ہزار اٹھارہ سے واپسی مارچ کا آغاز کیا تھا جس کے تحت ہزاروں افراد ہر جمعہ کو غزہ سے ملنے والی مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں کی جانب مارچ کرتے ہیں۔اس مارچ کا مقصد امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی اورغزہ کے ظالمانہ محاصرے کے خلاف احتجاج کرنا ہے،حق واپسی مارچ میں اب تک 320 فلسطینی شہید اور کم سے کم 32 ہزار زخمی ہوئے جن میں سے سینکڑوں کی حالت نازک ہے۔
غاصب اسرائیل نے سن دو ہزار چھے سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے اور وہ وہاں بنیادی اشیا کی ترسیل کی راہ میں شدید رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے جس کے نتیجے میں غزہ کے فلسطینیوں کو غذائی اشیا، ادویات اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔