(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کو بلاجواز گرفتار کرنے کا سلسلہ جاری،گزشتہ روز مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 23 فلسطینی شہریوں کو انکے گھروں سے حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی شہریوں کے گھروں پر چھاپوں میں تیزی آتی جا رہی ہے۔گزشتہ روز پیر کو اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں الخلیل،رام اللہ اور نابلس میں چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے 23 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ علاقوں پر اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے ہلہ بولا اور علاقوں کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا اور اس دوران آنے جانے والے فلسطینیوں کی تلاشی کے نام پر تذلیل بھی کی۔
اس موقع پر مقا می لوگوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
