(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی ریاست کی جانب سے فلسطینی شہریوں پر جبر اور ظلم کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔اسرائیلی بلدیہ حکام نے بیت المقدس میں غیر قانونی تعمیر کا بہانہ بنا کر العیسویہ ضلعے میں متعدد فلسطینی شہریوں کو انکی عمارتیں اور مکانات گرانے کے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی حکام متعصبانہ فیصلہ کرتے ہوئ فلسطینیوں کو مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں تعمیرات سے روک دیا ہے اور بیت المقدس کے رہائشیوں کی تعمیرات کے لیے دی جانے والی درخواستوں کو رد کردیا ہے ۔
مقامی ذرائع سے حاصل اطلاعات کے مطابق اسرائیلی بلدیہ کے ملازمین نے انتظامیہ کی جانب سے مکانات ، کاروباری عمارات اور استقبالیہ ہال کی مسماری کے احکامات کے بارے میں العیسویہ کے رہائشیوں کو آگاہ کردیا ہے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی قابض اسرائیلی انتظامیہ نے النقیب نامی قصبے کے 30 رہائشیوں کو انکے مکانات مسمار کرنے کے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔