(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطینی شہریوں کی جانب سے غزہ بارڈر پر ہونے والے ہفتہ وار حق واپسی مارچ پر ایک دفعہ پھر قابض اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر دی،فائرنگ کے مختلف واقعات میں 97 فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے قابض اسرائیلی فوج نے ایک دفعہ پھر بربریت کا ثبوت دیتے ہوئے فلسطینی شہریوں کی جانب سے غزہ میں ہونے والے ہفتہ وار حق واپسی مارچ میں فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 97 فلسطینی شہری زخمی ہو گئے،جن میں بچے اور خواتین اور دو صحافی بھی شامل تھے۔
فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق 97 فلسطینی شہری مختلف اسپتالوں میں زخمی حالت میں لائے گئے جن میں بچے ،خواتین اور دو صحافی بھی شامل تھے تاہم کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں شروع ہونے والا حق واپسی مارچ اب سرسٹھویں ہفتے میں داخل ہو چکا ہے۔فلسطینی عوام ہر جمعے کے روز بعد نماز جمعہ اپنی مقبوضہ سرزمین کی واپسی کے لیے پر امن احتجاجی ریلیاں منعقد کرتے ہیں اور اپنی سرزمین کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ان ریلیوں میں ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی شرکت کرتے ہیں اور اپنی سرزمین سے محبت کا ثبوت دیتے ہیں۔