اسرائیلی ریڈیو پر نشر کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ القسام بریگیڈ کی مشقون میں اسرائیل کے لیے کئی پیغامات ہیں۔ پہلا پیغام یہ ہے کہ القسام بریگیڈ اسرائیل کے خلاف کسی بھی جنگ کے لیے تیار ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا داخلہ محاذ کسی نئی محاذ آرائی کے لیے تیار نہیں اور نہ ہی اسرائیل شمالی سرحد پر کوئی نئی جنگ چھیڑنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
رپورٹ میں القسام کی فوجی مشقوں پر دفاعی ماہرین سے ان کی رائے معلوم کی۔ تجزیہ نگاروں کا اس امر پر اتفاق ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ القسام بریگیڈ نے پہلی بار اعلانیہ مشقیں شروع کی ہیں۔
غیرمعمولی اقدام
فلسطینی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے سیاسی اور عسکری حلقے القسام بریگیڈ کی مشقوں کو غیرمعمولی، غیر مسبوق اور ایک سنجیدہ مزاحمتی حکمت عملی قرار دے رہےہیں۔ ان مشقوں سے فلسطینیوں میں مزاحمت کی روح کو مزید تقویت ملے گی اور غزہ میں مزاحمتی تنظیموں کا مورال بلند ہوگا۔
تجزیہ نگار یوسف الشرقاوی نے کہا کہ القسام بریگیڈ اور کبھی بھی شکست خوردہ نہیں ہوگا اور نہ ہی صیہونی دشمن کے سامنے حوصلہ ہارے گا۔ القسام کو بھی اندازہ ہے کہ آنے والے وقت میں خطرات ماضی کی نسبت زیادہ سنگین ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مشقیں اسرائیل کے لیے ایک واضح پیغام ہیں کہ غزہ پر کسی بھی جارحیت کی حماقت تباہ کن ہوگی اور فلسطینی مزاحمتی تنظیمیں دشمن کو اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اندر سے کھوکھلا ہوچکا ہے، اسے فلسطینی قوم کےغصب کردہ حقوق ہر صورت میں واگزار کرنا ہوں گے۔
تجزیہ نگار حسام الدجنی کا کہنا ہے کہ اسرائیل القسام بریگیڈ کی مشقوں کو مانیٹرکرنے کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے گا۔ اسرائیل القسام بریگیڈ کی مشقوں کے پیغام کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہوئے تنظم کی قوت اور دفاعی صلاحیت کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل القسام بریگیڈ کی مشقوں کو باریکی سے دیکھ رہا ہے اور اس کے پیغامات کو سنجیدگی سے لے رہا ہے۔
’عظیم الشان واپسی ملین مارچ‘
غزہ کی پٹی میں القسام بریگیڈ کی یہ مشقیں ایک ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب 30 مارچ کو غزہ کی پٹی میں ’واپسی ملین مارچ‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں بات کرتے ہوئے الشرقاوی نے کہا کہ حماس نے واپسی ریلیوں کی اہمیت کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے اسرائیل کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ واپسی ملین مارچ کی راہ روکنے کی کوشش نہ کرے۔ حماس نے خبردار کیا ہے کہ واپسی ملین مارچ پر اسرائیلی فوج کی کسی قسم کی جارحیت اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان ایک نئی جنگ چھیڑنے کا موجب بن سکتی ہے۔
تجزیہ نگار کا کہنا ہے کہ اگر القسام کی مشقیں اور فلسطینیوں کا پر مقبوضہ فلسطین کی طرف ملین مارچ نتیجہ خیز رہتا ہے تو یہ القسام بریگیڈ ، مزاحمت اور غزہ کے عوام اپنا آدھے سے زیادہ سفر عبورکرلیں گے۔
عسکری پیش رفت
تجزیہ نگار ابراہیم المدھون کا کہنا ہے کہ پہلی بار القسام بریگیڈ نے اعلانیہ مشقیں کی ہیں۔ اسے بالعموم فلسطینی تحریک مزاحمت بالخصوص القسامÂ کی تزویراتی اور عسکری پیش رفت تصور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ القسام بریگیڈ کسی ملک کی باضابطہ فوج کی طرح مسلح یا ہتھیاروں کے کسی وسیع ذخیری کا حامل نہیں تاہم القسام بریگیڈ دھاووں سے نمٹنے اور صدر جارحیت کی صلاحیت رکھتا ہے۔
المدھون کا کہنا تھا کہ القسام بریگیڈ کی مشقیں تنظیم کی عسکری تیاریوں کا مظہر ہونے کے ساتھ کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان مشقوں سے معلوم ہوتا ہے کہ القسام بریگیڈ کی قوت اور دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہو رہا ہے اور صیہونی دشمن بھی القسام کی بڑھتی دفاعی صلاحیت سے خائف ہے۔