(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) تحریک فتح کے سینئر رکن کا کہنا ہے کہ فلسطینی علاقوں پر قبضے کے منصوبے اور دیگر اسرائیلی جرائم کی روک تھام کے لیے فلسطینیوں کے پاس مقابلہ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
مقبوضہ بیت المقدس میں تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کے سیکرٹری جنرل اور فتح انقلابی کونسل کے رکن جبریل الرجوب نے اسلامی تحریک مزاحمت حماس کی طرف سے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی ریاست کی خود مختاری کے سازشی پروگرام کے خلاف قومی وحدت کے مطالبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک فتح کی قیادت کے دروازے قومی وحدت کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم اس وقت فیصلہ کن موڑ میں داخل ہوچکی ہے اور قضیہ فلسطین تاریخ کے نازک ترین دور سے گذر رہا ہےایسے میں فلسطینی قوم کو امریکا اور صہیونیوں کے خلاف اپنی صفوں میں اتحاد کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے، فلسطینی اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرکے ہی قومی اہداف اور فلسطینی قوم کے خلاف ہونے والی سازشوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔