فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آج منگل سے آئندہ ہفتے کے روز تک غرب اردن کے شہروں میں فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔ اس دوران فلسطینیوں کو پبلک مقامات کی طرف جانے اور صہیونی کالونیوں کے قریب آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
کسی فلسطینی کو بغیر اجازت کے سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ صرف ہنگامی حالات میں پیشگی اجازت کے بغیرہی غرب اردن سے 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
خیال رہے کہ یہودیوں کے مذہبی تہوار عموما فلسطینیوں کے لیے پابندیوں کا پیغام بن کرآتے ہیں۔ ان تہواروں کی آڑ میں صہیونی فوج فلسطینیوں کے خلاف سنگین پابندیاں عائد کرتی ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی اپیلوں کے باوجود فلسطینی شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی جاتی ہے۔