فلسطین میں مسجد اقصیٰ میں یہودیوں کی غیرقانونی آمد ورفت کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز یہودی آباد کاروں کے کئی گروہ مراکشی دروازے کے راستے مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور مذہبی رسومات کی آڑ میں گھنٹوں قبلہ اول میں گھومتے رہے۔ صہیونی فوج اور سیکیورٹی اداروں نے انتہا پسند یہودیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کر رکھی تھی۔ یہودی آباد کاروں کی آمد کے موقع پر قبلہ اول میں موجود طلباء وطالبات نے ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ طلباء نعرہ تکبیر "اللہ اکبر” بھی لگاتے رہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ جب یہودی آباد کاروں کو اسرائیلی فوج اور پولیس اہلکار مراکشی دروازے کے راستے قبلہ اول میں داخل ہونے کی سہولت فراہم کر رہے تھے اس وقت فلسطینی خواتین کی بڑی تعداد بھی مسجد کے باہر موجود تھی لیکن صہیونی فوج نے انہیں اندر جانے سے منع کردیا۔ فلسطینیوں کو گھنٹوں قبلہ اول کے باہر کھڑے رہنا پڑا۔
