اسرائیلی گروہ "پرائس ٹیگ” نے گذشتہ روز علی الصبح کارروائی کرتے ہوئے بیت المقدس کے عرب شہریوں کی املاک پر عرب مخالف نعرے لکھ ڈالے۔
بیت المقدس کے جنوب مشرقی علاقے بیت سفیفہ کے مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی انتہا پسند گروہ جو کہ اپنے آپ کو پرائس ٹیگ کے نام سے بلاتے ہیں، کے ممبران نے گائوں اور اس کے مضافات پر دھاوا بول دیا اور دس گاڑیوں کے ٹائر پنکچر کردئیے۔ اس انتہاپسند گروہ نے فلسطینی گھروں کی دیواروں پر "پرائس ٹیگ” اور بدلہ بھی لکھ ڈالا تھا۔
یہ یہودی آبادکار گروہوں کی شکل میں فلسطینی شہریوں اور ان کی املاک پر حملہ آور ہو جاتے ہیں اور انہیں یہودی مذہبی رہنمائوں اور اسرائیلی حکومت کی آشیر باد بھی حاصل ہوتی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے پرائس ٹیگ گروہ کو دہشت گرد ماننے سے انکار کردیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین