فرانس کے دارالحکومت پیرس میں نیٹیر پراسیکیوشن آفس نے سابق فلسطینی لیڈر یاسرعرفات کی موت کے اسباب کی جانکاری کے لیے دوبارہ تحقیقات شروع کی ہیں۔
یاسرعرفات سنہ 2004ء میں فرانس کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے تھے تاہم بعض حلقوں کا یہ کہنا ہے کہ انہیں زہردے کر ہلاک کیا گیا ہے۔ فرانس میں یاسرعرفات کی موت کے اسباب سے متعلق یہ تازہ تحقیقات سابق لیڈر کی بیوہ سہا عرفات کی درخواست پر شروع کی گئی ہیں۔ سہا نےپچھلے ماہ جولائی میں فرانس کی ایک عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں کسی کا نام لیے بغیر کہا گیا تھا کہ اس کے شوہر کو قتل کیا گیا ہے اورعدالت ان نا معلوم قاتلوں کے بارے میں تحقیقات کرائے۔
پچھلے ماہ ایسی میڈیا رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ جن میں ماہرین نے یہ کہا تھا کہ ان کی ذاتی اشیاء سے اعلیٰ سطح کی زہریلی پلونیم برآمد ہوئی تھی۔اس سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا تھا کہ ان کا انتقال ممکنہ طور پر اسی زہر کے نتیجے میں ہوا تھا۔
پلونیم سخت قسم کا زہر ہے اور اس کا فوری اثر ہوتا ہے۔ یہ فوجی اور سائنسی حلقوں سے باہر کم ہی پائی جاتی ہے۔روس کے ایک سابق جاسوس اور پھر ماسکو حکومت کے ناقد الیگزینڈر لیٹوینکو کو اسی زہر سے ہلاک کیا گیا تھا۔ سن 2006ء میں ان کی چائے میں اس زہر کو ملا دیا گیا تھا جس کے پینے کے فوری بعد ان کی موت واقع ہو گئی تھی
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
