مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق احتجاجی مظاہرے مقبوضہ بیت المقدس کے مرکزی مقامات عیسویہ، سلون اور بستان میں کیے گئے، جو بعد ازاں ایک جلوس کی شکل اختیار کر گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر گستاخ امریکی پادری ٹیری جونز اور گستاخانہ فلم کے پروڈیوسر،امریکا اور صہیونیوں کےخلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے فرانسیسی جریدے میں توہین آمیز کارٹون شائع کرنے کے خلاف فرانسیسی حکومت اور کے بے لگام میڈیا کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ مظاہرین نے بڑی تعداد میں سبز پرچم بھی اٹھا رکھے تھے جن پر نام نامی اسم گرامی‘‘محمد’’ صلی اللہ علیہ وسلم لکھا گیا تھا۔
پی آئی سی کے مطابق فلسطین کے دیگر شہروں رام اللہ اورغزہ کی پٹی میں بھی ہفتے کے روز گستاخانہ فلم اور خاکوں کےخلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔ فلسطینیوں کے اسرائیل کے خلاف ہفتہ وار جلوس بھی گستاخانہ سازشوں کےخلاف مظاہروں میں تبدیل ہو گئے۔
