مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) جمہوریہ چلی کے ایک پارلیمانی وفد نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی علاقے ’الخان الاحمر‘ کا دورہ کیا اور قصبے کے اسرائیلی مظالم سے متاثرہ شہریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق چلی کے پارلیمانی وفد نے اسرائیلی غنڈہ گردی کے شکار الخان الاحمر کے فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔وفد نے یقین دلایا کہ وہ فلسطینی قوم کے حقوق کے لیے ہرسطح پر کوششیں جاری رکھیں گے۔
چلی کے وفد کے ہمراہ مزاحمت برائے دیوار فاصل کمیٹی کے چیئرمین ولید عساف، الخان الاحمر سوسائٹی کے نمائندہ عید خمیس ابو داھوک اور فلسطین پروگریسیو پارٹی کے سیکرٹری جنرل مصطفیٰ البرغوثی بھی شامل تھے۔
خیال رہے کہ الخان الاحمر بیت المقدس کا ایک نواحی قصبہ ہے جسے اسرائیلی فوج متعدد بار مسمار کرچکی ہے۔ چند ہفتے قبل اسرائیلی فوج نے الخان الاحمر پر دھاوا بولا اور فلسطینیوں کے مکانات کی مسمارکے ساتھ مقامی آباد کو بے دخل کرنے کے لیے انہیں ہولناک تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔