بیت لحم – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم اور شمالی شہر نابلس میں اسرائیلی فوج نے پرامن فلسطینی مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم چار فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین بیت لحم میں تقوع کے مقام پرفلسطینی مظاہرین کی ایک ریلی پر اسرائیلی فوج نے Â دھاتی گولیوں سے فائرنگ کی جس کے نیتجے میں ایک شہری زخمی ہوگیا۔ تین فلسطینی شمالی شہر نابلس میں دوما کے مقام پر نکالی گئی ایک ریلی کے دوران زخمی ہوئے۔مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں پر دھاتی گولیوں کی اندھا دھند شیلنگ کی۔ اسرائیلی فوج کی آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کی بوچھاڑ کے نتیجے میں کم سے کم چار فلسطینی زخمی ہوگئے۔
غرب اردن کے شمالی شہر ماداما میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کی ایک ریلی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین فلسطینی زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی شہریوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ ربڑکے خول میں لپٹی گولیوں اور صوتی بموں کا بھی استعمال کیا۔
عینی شاہدین اور ہلال احمر فلسطین کے مطابق دھاتی گولیاں لگنے سے کم سے کم تین فلسطینی زخمی ہوگئے۔ جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔