فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نابلس شہر میں علی الصباح ہی سے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری گشت کررہی ہے۔ شہر میں فلسطینی مظاہرین کی طرف سے پرتشدد احتجاج کے پیش نظر پولیس کا ہائی الرٹ ہے۔ جب کہ دوسری جانب آج چوتھے روز بھی کاروباری شعبے کی ہڑتال جاری ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کے زیرکمانڈ سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیوں میں پولیس اہلکاروں کے قتل کے الزام میں تین فلسطینیوں کو قتل کردیا تھا۔ اس پر نابلس شہر اور غرب اردن کے دوسرے علاقوں میں فلسطینی اتھارٹی کے خلاف سخت غم وغصے کی فضاء پائی جا رہی ہے۔ عباس ملیشیا کی انتقامی کارروائی کے بعد گذشتہ بدھ کے روز سے نابلس شہر میں مسلسل احتجاج اور ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہر کے تمام اہم مقامات بالخصوص شہید چوک، اور اس کے قرب وجوار میں صبح سات بجے سے پولیس کی بھاری نفرتی گشت کررہی ہے۔ پولیس کی طرف سے اضافی نفری کی تعیناتی ایک ایسے وقت میں عمل میں لائی گئی ہے جب دوسری طرف فلسطینی شہریوں نے آج بھی عباس ملیشیا اور فلسطینی اتھارٹی کی انتقامی سیاست کے خلاف ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔
