مرکزاطلاعات فلسطین کے ذرائع کے مطابق بلاطہ مہاجر کیمپ کے نوجوانوں اور عباس ملیشیا کے درمیان پرتشدد جھڑپیں شاہراہ القدس پرہوئیں۔ عباس ملیشیا نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا جس کے جواب میں نوجوانوں نے عباس ملیشیا کے اہلکاروں پر سنگ باری کردی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ احتجاج میں سیکڑوں فلسطینی نوجوان شامل تھے۔ عباس ملیشیا کے اہلکاروں نے انہیں منتشر کرنے کے لیے طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا تو فلسطینی زیادہ مشتعل ہوگئے۔ انہوں نے ٹائر جلا کرسڑکیں بلاک کردیں اور عباس ملیشیا پر سنگ باری کی۔ عباس ملیشیا کے غنڈہ گردوں کےلاٹھی چارج سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو خوف زدہ کرنے کے لیے عباس ملیشیا نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ نابلس میں فلسطینی شہریوں کا احتجاجی مظاہرہ عباس ملیشیا کے ہاتھوں سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف بہ طور احتجاج منعقد کیا گیا تھا۔ مظاہرین نے فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاسی بنیادوں پر حراست میں لیے گئے شہریوں کو فوری رہا کرے اور ان پر تشدد کا سلسلہ بند کیا جائے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز نابلس کے اسی کیمپ میں تعزیت کے لیے آئے فلسطینی اتھارٹی کے ایک گورنر کو بھی سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کیمپ کے چھوٹے چھوٹے بچوں نے گورنر کی گاڑی پر پتھرائو کرکے اس کےشیشے توڑ دیے تھے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
