رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے جمعہ کو علی الصباح رام اللہ اور مقبوضہ بیت المقدس سے تین فلسطینی جوان اغوا کر لئے۔ اس مقصد کے لئے صہیونی فوجیوں نے سلفیت صوبے کے کفل حارس قصبے Â پر دھاوا بولا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی ویب پورٹل 0404 میں رام اللہ کے جنوب مغرب میں نبی صالح قصبے کے ایک فوجی ناکے پر اسرائیلی سپاہیوں نے ایک گاڑی کو روکا جس میں تین فلسطینی نوجوان سوار تھے۔ تفتیش کے بعد ایک نوجوان کو حراست میں لے لیا گیا۔ ویب پورٹل نے دعوی کیا ہے کہ حراست میں لیا جانے والا نوجوان چاقو حملہ کرنا چاہتا تھا۔مقامی ذرائع نے گرفتار ہونے والے نوجوان کی شناخت چونتیس سالہ ولید الریماوی کے طور پر کی۔ گرفتاری کے بعد معلوم نہیں ہو سکا کہ ولید الریماوی کو کہاں لیجایا گیا ۔
ایک دوسری کارروائی میں قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے نزدیکی قصبے القبیبہ اور مغربی کنارے کے شہر رام اللہ سے علی الصباح دو نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ حراست میں لئے جانے والے ایک نوجوان کی شناخت سفیان المقدادی کے نام سے ہوئی۔
ادھر سلفیت صوبے میں فوجی گاڑیوں پر سوار صہیونی فوجیوں نے کفل حارس قصبے پر دھاوا بول دیا جس کے بعد وہ قصبے کی گلیوں میں گشت کرتے رہے تاکہ صہیونی آباد کار عبادت کے لئے علاقے میں داخل ہو سکیں۔