فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے الشیخ محمد سلیم نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان القدس پر فلسطینی قوم اور پوری دنیا میں عوام کا سڑکوں پر آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا نے امریکی اقدام کو مسترد کردیا ہے۔
الشیخ محمد سلیم نے فلسطینی قوم کے تمام نمائندہ طبقوں پر اپنی صفوں میں اتحاد ویگانگت پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں نے قضیہ فلسطین کے معاملے میں مذمت کے سوا کچھ نہیں کیا۔ حکمرانوں سے زیادہ فلسطینیوں کی حمایت عوامی حلقوں کی جانب سے کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز جمعہ کی نماز سے قبل اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری نے حرم قدسی کو گھیرے میں لے رکھا تھا۔ صیہونی فوج نے فلسطینی شہریوں کو قبلہ اوّل میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے کے لیے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر رکھی تھیں مگر 45 ہزار فلسطینی اسرائیلی فوج اور پولیس کی کھڑی کردہ رکاوٹیں توڑ کر قبلہ اوّل پہنچنے اور نماز جمعہ ادا کرنے میں کامیاب رہے۔
