مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) درجنوں صیہونی انتہاپسندوں نے اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر مسلمانوں کے لیے قابل احترام مسجد الاقصی کی بے حرمتی کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسّی سے زائد صیہونی انتہا پسند اسرائیلی فوجیوں کی شیلٹر میں، مسجد الاقصی کے صحن میں داخل ہوئے اورانہوں نے اس مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔رپورٹ کے مطابق رواں سال مارچ کے دوران صیہونی انتہا پسندوں نے ایک ہزار سات سو بیاسی بار مسجد الاقصی کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا ہے جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران، نوسو ساٹھ بار مسجد الاقصی کی بے حرمتی کی گئی تھی۔
اس رپورٹ کے مطابق مسجد الاقصی کے خادمین اور محافظین بھی صیہونیوں کے تشدد سے محفوظ نہیں رہے اور اسرائیلی فوج نے گزشتہ ماہ کے دوران مسجد الاقصی کے پندرہ کارکنوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔