مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مسجد اقصیٰ کے ڈائریکٹر اور سرکردہ عالم دین الشیخ عمر الکسوانی نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل نے قبلہ اوّل اور اس کے تمام اہم مقامات کو غاصب اور شرپسند صیہونیوں کے لیے مباح قرار دے رکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے تقدس کو غاصب صیہونیوں کے ہاتھوں خطرناک مذہبی جارحیت کا سامنا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو 1143 صیہونی آباد کاروں نے قبلہ اوّل میں گھس کر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔ صیہونیوں کو اسرائیلی فوج اور پولیس کی طرف سے فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔الکسوانی کا کہنا تھا ک جمعرات کو علی الصباح 924 صیہونی قبلہ اوّل میں داخل ہوئے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔ شام کے اوقات میں اسرائیلی پولیس کی سیکیورٹی میں مزید 210 صیہونی قبلہ اول میں داخل ہوئے۔ ان میں اسرائیلی فوج کے تین سینیر افسران اور انتہا پسند صیہونی ارکان کنیسٹ بھی شامل تھے۔
الکسوانی نے کہا کہ یہویوں کے مذہبی تہوار’عید العرش‘ کے آغاز سے اب تک ہزاروں صیہونی قبلہ اول پر دھاوے بول کر مقدس مقام کے بے حرمتی کے مرتکب ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں صیہونی آباد کار انفرادی اور اجتماعی طور پر قبلہ اوّل کے بے حرمتی کے مرتکب ہیں۔