غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی صدر محمود عباس کی انتقامی پالیسیوں سے نالا غزہ کے عوام نے بڑے پیمانے پر آحتجاجی مظاہرے شروع کیے ہیں۔ اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی اپیل پر فلسطینی اتھارٹی کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف غزہ کے تمام اہم مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔ مظاہروں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
فلسطینی اتھارٹی اور صدر عباس کے خلاف شدید نعرےبازی کے ساتھ ساتھ صدر عباس کے پتلے بھی نذرآتش کیے گئے۔فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صدر عباس کی طرف سے غزہ کے عوام کو بحرانوں میں غرق کرنے اور غزہ کے عوام کے بنیادی مطالبات کو قصدا نظرانداز کرنے کے خلاف عوامی سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔
کل جمعہ کے روز نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد اور آج ہفتے کو غزہ میں کئی مقامات پر جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہرین نے صدر عباس سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں بجلی کے بحران کو گھمبیر کرنے والوں کا محاسبہ کریں۔ غزہ کے عوام کو بلیک میل کرنے اور دھمیکیوں کی سیاست ختم کرکے محصورین غزہ کی تمام بنیادی ضروریات پوری کی جائیں۔
رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی میں الزیتون کالونی، السرایا چوک، مسجد صلاح الدین چوک، جبالیا اسٹیشن، المنتطار ٹیلہ، النسافور چوک، التقویٰ چوک، العیون چوک، شمالی غزہ میں بیت لاھیا، النصیرات، المغازی، الزوایدہ کالونی، دیر البلح اور کئی دوسرے مقامات پر فلسطینی شہریوں نے رام اللہ اتھارٹی کی انتقامی سیاست کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔
بیت لاھیا میں مسجد اسلیم ابو مسلم کے قریب ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حماس رہنما مشیر المصری نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی غزہ کے محاصرے کے اسرائیلی جرم میں شریک ہوچکی ہے۔
وسطی غزہ میں نکالی گئی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے صدر محمود عباس کی پالیسیوں کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے غزہ کی پٹی کے عوام کو درپیش تمام مشکلات بالخصوص بجلی کی فراہمی Â کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔
رفح کے علاقے میں شہریوں نے گذشتہ شام کو ایک احتجاجی جلوس نکالا جس میں شہریوں نے ہاتھوں میں مشعلیں لے کر احتجاج کیا۔ انہوں نے فلسطینی اتھارٹی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور محمود عباس کے پتلے جلائے۔
احتجاجی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے حماس رہنما نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی ایک سازش کے تحت غزہ کے گرد معاشی محاصرہ تنگ کررہی ہے۔۔ خان یونس میں نکالی گئی ریلی میں مظاہرین نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کو صہیونی دشمن کا ایجنٹ قرار دیا۔