مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ’ہیومن رائٹس واچ‘ نے بتایا کہ صہیونی حکومت نے تنظیم کو فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی صورت حال کی نگرانی کرنے کی اجازت دینے سے روک دیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ صہیونی حکومت کی طرف سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ‘ہیومن رائٹس واچ‘ فلسطینیوں کی ’بے جا حمایت‘ کر رہی ہے۔ اس لیے اس گروپ کو اسرائیل اور فلسطینی علاقوں میں سروسز فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے تنظیم کے اسرائیل میں متعین ڈائریکٹر کوکام سے روک دیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل اسے انسانی حقوق کے نمائندہ کے طور پر تسلیم نہیں کرتا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے تنظیم کے ایک سینیر عہدیدار عمر شاکر کو اپنی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔ صہیونی ریاست کا دعویٰ ہے کہ ہیومن رائٹس واچ فلسطینیوں کی سیاسی خدمت کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کی حمایت میں پروپیگنڈہ کرتے ہوئے اسرائیل کو بدنام کرنے میں مصروف ہے۔