(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں پر حملہ کر کے مسجد الاقصی کے اطراف میں متعدد فلسطینیوں کو زد و کوب کیا ہے۔
قدس سے فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی فوجیوں نے دو پہر کے وقت مسجد الاقصی کے آس پاس رہنے والے فلسطینیوں پر حملہ کر دیا اور ان کو زد و کوب کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے مغربی کنارے میں واقع بنی نعیم دیہات پر حملہ کر کے گھر گھر تلاشی لی جس کے خلاف فلسطینیوں نے احتجاج کیا۔
فلسطین کے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ غاصب فوجیوں نے الخلیل میں ایک لیبارٹری پر بھی حملہ کیا اور اس میں موجود سامان تباہ و برباد کرنے کے علاوہ ایک فلسطین کو گرفتار بھی کر لیا۔
صیہونیوں نے گزشتہ اکتوبر کے مہینے میں فلسطینیوں پر حملے کر کے کم از کم دو سو پندرہ فلسطینیوں کو شہید اور ہزاروں کو زخمی کردیا تھا۔ صیہونی حکومت نے بہت سے فلسطینیوں کو گرفتار بھی کر لیا تھا۔