غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی طرف سے غزہ کی تجارتی راہ داری کرم ابو سالم کے بند کیے جانے کے رد عمل میں غزہ میں وزارت زراعت نے اسرائیل سے پھلوں کی درآمدات پر پابندی عائد کر دی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزارت زراعت کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر تحسین السقا نے بتایا کہ صیہونی حکومت نے گذشتہ ہفتے غزہ اور غرب اردن کے درمیان کرم ابو سالم تجارتی گذرگاہ بند کرتے ہوئے غزہ سے سبزیوں کی برآمدات روک تھیں۔ اس کے جواب میں غزہ وزارت زراعت نے اسرائیل سے پھلوں کی خریداری اور ان کی غزہ کو درآمدات پر پابندی عائد کردی ہے۔السقا نے ’قدس پریس‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ کی تجارتی گذرگاہ بند کیے جانے کے نتیجے میں غزہ کے کاشت کاروں کی مغربی کنارے اور اردن کو سبزیوں کی سپلائی معطل ہونے سے یومیہ ایک لاکھ ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔
فلسطینی عہدیدار نے خبردار کیا کہ صیہونی ریاست کی جانب سے غزہ کی پٹی پر عائد کردہ پابندیوں میں مزید سختی کرنے کے نتیجے میں غزہ میں زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوسکتا ہے۔ بالخصوص آئندہ ستمبر سے شروع ہونے والے سبزیوں کے موسم میں غزہ کے کاشت کاروں کو غیرمعمولی نقصان کا اندیشہ ہے۔