رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے فلسطین کی سرکاری موبائل فون کمپنی کے خلاف بھی شرانگیز مہم شروع کی ہے اور دھمکی دی ہے کہ اگر فلسطینی کمپنی کی طرف سے صارفین کو موبائل انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا گیا تو کمپنی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج نے غرب اردن کے شمال مغربی علاقے دیر ابو مشعل میں تلاشی کی مہم شروع کی۔ اس دوران قصبے میں اسرائیلی فوج کے خلاف اشتعال پھیلانے والے فلسطینیوں کو پکڑنے کے لیے چھاپے مارے گئے۔صیہونی فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینی موبائل فون کمپنی نوجوانوں کو موبائل انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرتی ہے اور وہ انٹرنیٹ پرسوشل میڈیا اور دیگر ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے نفرت اور اشتعال پھیلاتے ہیں۔
صیہونی فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینی موبائل فون کمپنی کو ’تخریب کار‘ عناصر کو سہولیات کی فراہمی بندکرنا ہوگی۔ خیال رہے کہ صیہونی فوج مظالم کے خلاف آوز بلند کرنے والے فلسطینی سماجی کارکنوں اور نوجوانوں کو دہشت گردÂ اور تخریب کار جیسی اصطلاحات سے موسوم کرتی ہے۔
اتوار اور سوموار کی درمیانی شب اور کل سوموار کو صیہونی فوج نے غرب اردن میں تلاشی کےدوران کم سے کم 26 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔ ان میں سے بیشتر پر صیہونی ریاست کے خلاف سوشل میڈیا پر اشتعال پھیلانے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔
