مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق رام اللہ میں ’’فلسطینی یوم اسیران‘‘ کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسانی حقوق کے مندوبین کا کہنا تھا کہ فلسطینی اتھارٹی کو عالمی فوج داری عدالت میں رکنیت ملنے کے بعد اب فلسطینی اسیران کا معاملہ بھی عدالت میں اٹھایا جانا چاہیے۔ فلسطینی اسیران کا معاملہ صرف آئی سی سی میں اٹھا لینا ہی کافی نہیں بلکہ عالمی سطح کے تمام دیگر اداروں اور فورمز پربھی فلسطینی اسیران کی رہائی کو عالم گیر ایشو کےطورپر اٹھایا جائے۔
تقریب سے فلسطینی وزارت اسیران کے چیئرمین عیسیٰ قراقع، کلب برائے اسیران کے سربراہ قدورہ فارس اور عرب لیگ برائے فلسطینی اسیرانی کے ڈائریکٹر ایمن الحاج یحیٰ سمیت کئی اہم رہ نمائوں نے خطاب کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام رہ نمائوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ اسرائیل کے جنگی جرائم کو بے نقاب کرنے کے لیے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی متحرک کیاجائے۔ خاص طور پرفلسطینی اسیران پر ڈھائے جانے والے مظالم کا معاملہ عالمی فورمز پر اٹھایا جائے۔
تقریب میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئیجس میں مطالبہ کیا گیا کہ سترہ اپریل کو فلسطینی یوم اسیران کے موقع پر اندرون اور بیرون ملک بڑے پیمانے پر فلسطینی اسیران کی حمایت میں جلسے جلوس، تقریبات اور سیمینار منعقد کیے جائیں۔ فلسطینی اتھارٹی عالمی اداروں میں فلسطینی اسیران سے یکجہتی کی قرارادادیں منظور کرائے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
