رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کا رام اللہ میں ایک سرکاری اسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے دو گھنٹے کے چیک اپ کے بعد صدر عباس کی صحت کو بہتر قرار دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 81 سالہ فلسطینی صدر محمود عباس کی صحت خراب ہونے پرانہیں جمعرات کو رام اللہ کے ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔ اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ صدر عباس کی حالت کافی خراب تھی۔ پیرانہ سالی کے باعث ان کی طبی حالت اب اکثر خراب رہنے لگی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں صدر عباس کے دل کا بھی معائنہ کیا گیا تاہم بعد ازاں انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔رام اللہ کے اسپتال کے ڈائریکٹر سعید سراحنہ نے بتایا کہ صدر عباس کے دل کا معائنہ کیا گیا ہے۔ انہیں دل میں معمولی تکلیف کے بعد اسپتال لایا گیا تھا مگر اب ان کی حالت کافی بہتر ہے۔
سراحنہ کا کہنا تھا کہ صدر عباس کا طبی معائنے کے لیے ان کے متعدد ٹیسٹ لیے گئے ہیں جن کی مثبت رپورٹس آئی ہیں۔ انہیں دو گھنٹے کے چیک اپ کے لیے گھربھیج دیا گیا ہے تاہم ڈاکٹروں نے انہیں چند روز آرام کا مشورہ دیا ہے۔
فلسطینی صدر نے گذشتہ جمعے کو سابق اسرائیلی صدر شمعون پیریز کی نماز جنازہ میں شرکت کی تھی اور اس دوران ان میں صحت کی کمزوری یا کسی بیماری کا کوئی شائبہ نہیں ہوا تھا۔تاہم انھیں شمعون پیریز کے جنازے میں شرکت مہنگی پڑی ہے اور انھیں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اپنے ہم وطنوں کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا ہے۔
