بیت لحم – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوجی عدالتوں کی طرف سے نہتے فلسطینیوں کو بلا جواز انتظامی حراست کی سزائیں سنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم سے تعلق رکھنے والے اسیر انور زبون کو انتظامی حراست کی سزا دینے کے بعد انہیں چار ماہ کے لیے پابند سلاسل کردیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انور زبون کو رواں ماہ مارچ کے اوائل میں حراست میں لیا گیا تھا۔فلسطینی رکن پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ متعدد دیگر فلسطینیوں کو بھی انتظامی حراست کی سزائیں دی گئیں۔ اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے شعبہ اسیران کی طرف جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی عدالت نے غسان عسیٰ ھرماس کو چار ماہ، محمود کریم عیاد کو چھ ماہ، خالد ابراہیم ذویب کو چار ماہ اور حسن محمد وردیان کو چار ماہ کے لیے انتظامی حراست میں ڈال دیا گیا۔ تمام اسیران کی قید ختم ہونے کے بعد اس میں دوبارہ توسیع کی جاسکتی ہے۔