مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی ایک فوج داری عدالت نے زیرحراست فلسطینی دانش ور اور انسانی حقوق گروپ ’الضمیر‘ فاؤنڈیشن کے قانونی شعبے کے ڈائریکٹر ایمن کراجہ کو چھ ماہ کے لیے قابل توسیع انتظامی قید میں منتقل کردیا ہے۔ 50 سالہ ایمن کراجہ کا تعلق غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ کے نواحی علاقے صفا سے ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’عوفر‘ نامی فوجی عدالت نے خفیہ ادارے ‘شاباک‘ کی سفارش پر ایمن کراجہ کو جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ انہیں ابتدائی طور پر چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے مگر بعد میں اس سزا میں بار بار غیرمعینہ مدت تک کی توسیع کی جاسکتی ہے۔خیال رہے کہ احمد کراجہ کو چند روز قبل ان کے گھر سے اٹھا لیا گیا تھا۔ وہ ماضی میں بھی انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کی پاداش میں صیہونی زندانوں میں پابند سلاسل رہ چکے ہیں۔