(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین اور بعض عرب ممالک کے سیاسی حلقوں کی جانب سے تنقید کے بعد عرب لیگ کے سربراہ ڈاکٹر نبیل العربی نے فلسطینی اتھارٹی کے ہیڈ کواٹر رام اللہ کا اپنا مجوزہ دورہ منسوخ کردیا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی اور بعض عرب حلقوں کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ عرب لیگ اور اس کے سیکرٹری جنرل اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے لیےرام اللہ کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔قبل ازیں عرب لیگ کے قاہرہ میں قائم ہیڈ کواٹر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نبیل العربی آج منگل کو فلسطینی اتھارٹی کے ہیڈ کواٹر رام اللہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ فرانس کی جانب سے منعقدہ مشرق وسطیٰ عالمی کانفرنس کے تناظر میں فلسطینی صدر محمود عباس سے تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ سنہ 2002ء میں عرب ممالک کی جانب سے جاری کردہ امن روڈ میپ پر بھی بات چیت کریں گے۔
ڈاکٹر نبیل العربی نے آج منگل کو قاہرہ میں ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے حالات سازگار نہ ہونے کے باعث رام اللہ کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔
ادھر فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے اپنے موقف میں کہا گیا ہے کہ عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ اردن کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات نہ ہونے کے باعث منسوخ ہوا ہے، تاہم وہ جلد ہی رام اللہ کا دورہ کریں گے۔