مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ’ہشارون‘ جیل میں قید ایک فلسطینی اسیرہ نے ایک خاتون جیلر کو پنکھا دے مارا جس کے نتیجے میں جیلر زخمی ہو گئی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایک فلسطینی اسیرہ نے ہشارون جیل میں خاتون جیلر پر پنکھا دے مارا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئی۔ بعد ازاں اسی فلسطینی خاتون قیدی نے دوسری اہلکاروں پرتیز دھار آلے سے حملے کی کوشش کی۔اسرائیلی فوج کے ایک مقرب ذریعے کا کہنا ہے کہ پنکھا لگنے سے ایک خاتون اہلکار معمولی زخمی ہوئی ہیں۔ اس واقعے کے بعد فلسطینی اسیرہ کو اس کے کمرے میں ہاتھ پاؤں باندھ کر پھینک دیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا میں فلسطینی اسیرہ کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ فلسطینی انسانی حقوق کے حلقوں کی طرف سے اس واقعے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی ھشارون جیل میں 18 سال سے کم عمر اسیرات سمیت 56 فلسطینی خواتین پابند سلاسل ہیں۔
