رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی محکمہ امور اسیران کے چیئرمین عیسیٰ قراقع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی زندانوں میں مظالم کے شکار فلسطینی قیدیوں نے آئندہ ماہ اجتماعی بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بدھ 30 مئی کو اپنے ایک بیان میں عیسی قراقع نے بتایا کہ اسرائیلی جیلوں میں انتظامی حراست کی پالیسی کے تحت پابند سلاسل فلسطینی اسیران نے اسرائیلی عدالتوں کا بائیکاٹ جاری رکھا ہوا ہے۔ ان کے بائیکاٹ کو ایک سو دن سے زائد وقت گذر چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل 500 فلسطینیوں کو انتظامی حراست کی پالیسی کے تحت مقدمہ چلائے بغیر رکھا گیا ہے۔عیسیٰ قراقع کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جیلوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں نے آئندہ ماہ سے بہ تدریج اجتماعی بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے جیلوں میں ڈالے گئے فلسطینیوں پر مظالم کو عالمی عدالت انصاف میں اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ اسرائیلی ریاست فلسطینیوں پر جیلوں میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ ان کے دفاع کے لیے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو فوری حرکت میں آناچاہیے۔