رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت ایک فوجی عدالت نے سابق فلسطینی لیڈر یاسر عرفات مرحوم کے ایک قریبی ساتھی بریگیڈیئر محمد الدایہ کا ٹرائل کرنے کی تیاریاں شروع کی ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق الدایہ کے وکیل دفاع نے بتایا کہ ان کے موکل کے خلاف فلسطینی عدالت میں مقدمہ کی کارروائی ملتوی کردی گئی ہے۔الدایہ کے وکلاء کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کو ان کے خلاف عائد کردہ فرد جرم کے بارے میں گذشتہ شب بتایا گیا۔ وکلا کا کہناہے کہ قانون کے تحت الدیہ سات روز کے اندر اندر اپنے خلاف جاری مقدمہ اور فرد جرم پر نظرثانی کی درخواست سے سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ بریگیڈیئر محمد الدایہ پر الزام ہے کہ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’فیس بک‘ پر دو الگ الگ اکاؤنٹس بنا رکھے ہیں۔ ایک صفحہ ’فرزندان شہداء‘ اور دوسرا ’کرپشن نا منظور‘ کے نام سے بنایا گیا ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ الدیہ سوشل میڈیا کے ذریعے ایوان صدر کی ایک اہم شخصیت کو بدنام کررہے ہیں تاہم الدایہ کے وکلاء کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کمپیوٹر پرلکھنا نہیں جانتے۔
