مکہ مکرمہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد فلسطینی حجاج کرام کا پہلا قافلہ آج ہفتے کو وطن واپس پہنچ گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزیر برائے مذہبی امور اوقاف الشیخ یوسف ادعیس نے بتایا کہ حجاج کرام کا پہلا قافلہ حجاز سے رات گئے روانہ ہوا جو اردن کے راستے آج ہفتے کو علی الصباح وطن واپس پہنچ گیا۔یوسف ادعیس کا کہنا تھا کہ اگلے تین روز کے دوران مسلسل حجاج کے قافلے وطن واپس روانہ ہوں گے۔ حجاج کرام کی واپسی کے لیے اردن اور غرب اردن کے درمیان ’الکرامہ‘ سرحدی گذرگاہ کھلی رہے گی۔
غزہ کے حجاج کرام کی واپسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اوقاف کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے فلسطینی حجاج مدینہ منورہ روانہ ہوں گے جہاں جمعرات سے وہ مصر کے راستے غزہ جائیں گے۔