فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن اور بیت المقدس کے درمیان قلندیا چوکی سے ایک فلسطینی خاتون کو حراست میں لیا گیا جس کےقبضے سے ایک تیز دھار چاقو برآمد کیا گیا ہے۔ حراست میں لی گئی خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
قابض پولیس کے مطابق حراست میں لی گئی خاتون کو تفتیش کے لیے کسی نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فلسطینی لڑکی کی عمر بیس سال کے لگ بھگ ہے اور اسے تفتیش کے لیے سیکیورٹی مراکز لے جایا گیا ہے۔
قبل ازیں الخلیل شہر میں جامع مسجد ابراہیمی کے قریب سے ایک فلسطینی نوجوان کو حراست میں لیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جامع ابراہیمی کے قریب سے گرفتار فلسطینی نوجوان کے قبضے سے بھی چاقو برآمد کیا گیا ہے۔ وہ اسرائیلی فوج پر حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔
اسرائیلی پولیس کے مطابق حراست میں لیے گئے فلسطینی نوجوان کی عمر 18 سال ہے تاہم اس کی مزید شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران فلسطینی نوجوان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنے بھائی کی اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہادت کا انتقام لینے کے لیے صہیونی فوجیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔
ادھر اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں گھر گھر تلاشی کی مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔