مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی ذرائع ابلاغ نےانکشاف کیا ہے کہ صہیونی انٹیلی جنس ادارے ’شاباک‘ نے غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں کے بیت المقدس میں خدمات انجام دینے پر پابندی عائد کردی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی حکام نے غزہ کے ڈاکٹروں کو بیت المقدس خدمات انجام دینے کے لیے جاری اجازت نامے واپس لے لیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق گذشتہ کئی ہفتوں سے غزہ کے ڈاکٹر بیت المقدس کے اسپتالوں میں نہیں آسکے ہیں۔ بیت المقدس میں واقع Â المقاصد فلاحی اسپتال کے بیشتر ڈاکٹر غزہ کی پٹی سے وہاں آتے ہیں مگر صہیونی حکام نے انہیں کئی ہفتوں سےالقدس جانے سے روک رکھا ہے۔
حال ہی میں المقاصد اسپتال کی طرف سے درخواست دی گئی تھی کہ اسے غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے 10 ڈاکٹروں کی ضرورت ہے۔ مگر صہیونی انٹیلی جنس حکام نے اسپتال کا مطالبہ تسلیم کرنے سےانکار کردیا تھا۔
بیت المقدس کے مقامی ذریعے کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی کے ڈاکٹروں کے القدس آنے پر پابندی کے بعد مقامی فلسطینی اسپتالوں طبی عملے کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ خاص طور پر مشرقی بیت المقدس کے اسپتالوں میں جہاں غزہ کی پٹی کے ڈاکٹر خدمات انجام دے رہے تھے عملے کی قلت کا سامنا کررہے ہیں۔
غزہ کے ایک ڈاکٹر محمود ابوعطیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے چار ماہ قبل بیت المقدس میں ایک اسپتال کو جوائن کرنے کے لیے درخواست دی تھی مگر قابض صہیونی انتظامیہ کی طرف سے اس کی درخواست پر کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔