مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے غزہ اور غرب اردن کے درمیان آمد و رفت کے لیے استعمال ہونے والی بیت حانون’ایریز’ گذرگاہ کے انچارج ناصر الکیلانی کو غرب اردن داخل ہونے پر حراست میں لے لیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی بارڈر اتھارٹی کے آپریشنل ڈائریکٹر ماھر ابو العوف نے ’قدس پریس‘ کو بتایا کہ صیہونی حکام نے ناصر الکیلانی کو گذشتہ روز غزہ سے غرب اردن داخل ہونے کے بعد حراست میں لے لیا۔ گرفتار کرنے کے بعد انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔خیال رہے کہ تین ماہ میں یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے جب صیہونی فوجیوں نے فلسطینی بارڈر حکام کے ایک سول عہدیدار کو گرفتار کیا ہے، اس سے قبل چھ جولائی کو اسرائیلی فوج نے گذرگاہ کے بیرون ملک شعبے کے ڈائریکٹر سائد الغول کو غرب اردن میں داخل ہونے پر حراست میں لیا تھا اورانہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔ انہیں ایک ماہ کے بعد رہا کیا گیا۔ رواں سال کے دوران اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی سے غرب اردن داخل ہونے والے 10 فلسطینیوں کو حراست میں لیا جب کہ پچھلے سال 17 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔